رمضان کی آمد….
تیاریاں شروع کر دیں، تمام لوگ سحر و افطار کے پکوان تیار کرنے کیلئے خریداری اور گھروں کی صفائی میں مصروف ہو گئے۔ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی روزے دار ماہ صیام کے استقبال کی تیاریاں شروع کر دیتے ہیں۔
پکوڑے، سموسے، دہی بھلے اور مشروبات وغیرہ کی تیاری میں استعمال ہونے والے سامان اور دیگر روز مرہ استعمال کی اشیاء کی خریداری کے ساتھ ساتھ گھروں میں خصوصی عبادات کے اہتمام کیلئے صفائی کے انتظامات شروع ہو جاتے ہیں۔ ماہ رمضان کی مناسبت سے بچوں بڑوں اور خواتین میں خصوصی جوش و خروش اور ولولہ پایا جاتا ہے ہر کوئی رمضان المبارک کے استقبال کی تیاریوں میں مشغول ہو جاتا ہے، تجارتی مراکز میں بھی رمضان کی آمد کے پیش نظر کاروباری سرگرمیاں تیز ہو جاتی ہیں اور سحر و افطار کے پکوانوں کی تیاری میں استعمال ہونے والی اشیاء مصالحہ جات، مشروبات، جائے نماز، تسبیع، ٹوپیاں اور دیگر لوازمات کی اشیاء کی خرید و فروخت بڑھ جاتی ہے۔
مساجد میں بھی استقبال رمضان کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے اور بروقت انتظامات کئے جاتے ہیں تاکہ پنجگانہ نماز باجماعت ادائیگی کے ساتھ ساتھ نماز تراویح اور جمعہ کے اجتماعات کے حوالے سے خصوصی انتظامات کئے جا سکیں اور نمازیوں کو سہولت دی جا سکے۔ مساجد میں رنگ و رغن، چراغاں، واٹر ٹینکوں کی صفائی، پنکھوں، برقی قمقموں، لائوڈ سپیکرز سمیت دیگر برقی آلات کی ضروری مرمت کا کام بھی کرواتا جاتا ہے اور نمازیوں کیلئے اضافی گنجائش پیدا کی جاتی ہے کیونکہ اس ماہ مقدس کے فضائل و برکات سمیٹنے کیلئے رمضان المبارک کے دوران نمازیوں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہو جاتا ہے۔